چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ سطحی مسلسل روابط، ادارہ جاتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے یہ بات چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی محکمے کے وزیر لیو ہائی شینگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، جنہوں نے آج راولپنڈی میں ان سے ملاقات کی۔
فیلڈ مارشل نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور آزمودہ تعلقات کو بھی اجاگر کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے باہمی دلچسپی کے امور، خطے اور عالمی سلامتی کی موجودہ صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔
چینی وزیر لیو ہائی شنگ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور پاک چین دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔