منصوبہ بندی کے وزیر احسن اقبال نے پائیدار ترقیاتی پالیسیوں کے تسلسل، معاشی استحکام اور ٹیکنالوجی پر مبنی تیاری کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ عالمی سطح پر غیر یقینی صورتحال، موسمیاتی تبدیلی اور ابھرتے ہوئے مسائل سے نمٹا جا سکے۔
وہ آج علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد میں پائیدار ترقی سے متعلق انتیسویں کانفرنس اور پائیدار سرمایہ کاری کی چوتھی نمائش سے خطاب کر رہے تھے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ تیزی سے بدلتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات کے پیش نظر دنیا کے ملکوں کو پیشگی منصوبہ بندی کرتے ہوئے مستقبل کو مدنظر رکھنے والی حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ متنوع معیشتوں، مضبوط اداروں، تکنیکی استعداد اور ہنرمند افرادی قوت کے حامل ممالک میں عالمی سطح پر پیدا ہونے والے مسائل کا مقابلہ کرنے اور چیلنجز کو مواقع میں بدلنے کی صلاحیت بہتر ہوتی ہے۔