پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے مستقل ثالثی عدالت کے فیصلے کو مسترد کرنا باعث تشویش ہے۔
آج اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے کہا کہ بھارت بین الاقوامی قانون کو اپنی سہولت کے مطابق نہیں استعمال کرسکتا کہ جہاں فائدہ ہو وہاں اسے تسلیم کرے اور جہاں مشکل ہو وہاں مسترد کر دے۔
انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ معاہدے کی مکمل پاسداری کرتے ہوئے اسکے ادارہ جاتی اور تنازعات کے حل کے طریقہ کار کا احترام کرے اور اس فریم ورک کے تحت پاکستان کے ساتھ تعمیری طور پر بات چیت کرے جسے دونوں ممالک نے باقاعدہ طور پر تسلیم کیا تھا۔