پاکستان میں معاشی استحکام اور سٹاک مارکیٹ میں بہتری کے باعث نوجوان سرمایہ کاروں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال اگست سے مئی تک پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 1 لاکھ 80 ہزار 148 نئے ریٹیل سرمایہ کار رجسٹر ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 18 سے 30 سال کے نوجوان سرمایہ کار نئے رجسٹریشنز کا 41 فیصد رہے، جن کی تعداد 74 ہزار 629 ریکارڈ کی گئی۔عرب نیوز کے مطابق پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ماہانہ اوسطاً 15 ہزار نئے اکاؤنٹس کا اضافہ ہو رہا ہے، جن میں تقریباً 40 فیصد نوجوان سرمایہ کار شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ 3 برسوں میں پاکستان سٹاک مارکیٹ نے ڈالر کی بنیاد پر 66 فیصد سالانہ منافع دیا، جو خطے میں سب سے زیادہ ہے۔
عرب نیوز نے کہا ہے کہ حکومت کی معاشی اصلاحات اور آئی ایم ایف پروگرام کے باعث میکرو اکنامک استحکام نے سٹاک مارکیٹ کی کارکردگی کو مضبوط بنایا ہے۔رپورٹ کے مطابق بڑھتی سرمایہ کاری، نوجوانوں کی بھرپور شرکت اور مضبوط معاشی اشاریے پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ کے روشن مستقبل کی عکاسی کرتے ہیں۔