وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہمارے پاس پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے۔
آج(بدھ) شام اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ انتشار پسند عناصر کو ملکی ترقی اور خوشحالی میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
وزیراعظم نے کہاکہ احتجاج، انارکی اور بد امنی ملک کیلئے نقصان دہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج نے احتجاج سے پہلے ننانوے ہزار پوائنٹس کی حد عبور کرلی تھی وہ اچانک ایک ہی دن میں چارہزار پوائنٹس گرگئی۔
انہوں نے کہا کہ جونہی آج اسلام آباد میں امن بحال ہوا تو سٹاک ایکسچینج نے دوبارہ ننانوے ہزار پوائنٹس کی حد کو عبور کرلیا۔
محمدشہبازشریف نے کہا کہ احتجاج سے روزانہ قومی معیشت کو تقریباً ایک سونوے ارب روپے کا نقصان ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ 2014میں پی ٹی آئی نے انتشاری مظاہروں کی بنیاد رکھی اور اب تک اسی سوچ پر کاربند ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اس ذہنیت کے گروہ کو ختم کرنا ہوگا۔
محمدشہبازشریف نے عسکری قیادت کے تعاون اور حمایت کا اعتراف کیا اور خفیہ اداروں کی طرف سے مظاہرین کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کو سراہا۔