بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکوپاکستان کا تین روزہ دورہ مکمل کر کے واپس وطن روانہ ہو گئے ہیں۔
وزیراعظم محمدشہبازشریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے صدربیلاروس کو ہوائی اڈے پر الوداع کہا۔
دورے کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا اور دونوں ملکوں کے درمیان سیاست، تجارت، معیشت، ثقافت، سماجی اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
فریقین نے دوہزار پچیس تا دوہزار ستائیس کے دوران جامع تعاون کے لئے لائحہ عمل سمیت پندرہ اہم معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے۔
لائحہ عمل کے تحت پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
بیلاروس کی اہم کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کا ایک وفد بھی صدر کے ہمراہ تھا۔
انہوں نے پاکستانی کاروباری رہنماؤں کے ساتھ کامیاب اور مفید ملاقاتیں کیں۔
وزیراعظم نے بیلاروس کے صدر کو ان کے تین روزہ دورے پر مبنی تصویری البم بھی پیش کیا۔
اس سے قبل آج مسلم لیگ نون کے صدر نوازشریف نے مری میں بیلاروس کے صدر کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔