Wednesday, 27 November 2024, 07:45:17 pm
 
آرمی چیف،چین کے سی ایم سی کے نائب چیئرمین کاعلاقائی سکیورٹی صورتحال پرتبادلہ خیال
November 27, 2024

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بین الاقوامی اور علاقائی صورتحال میں تبدیلیوں کے باوجود پاکستان کا بھرپور ساتھ دینے اور اس کے شانہ بشانہ کھڑا رہنے پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار عوامی جمہوریہ چین کے سنٹرل ملٹری کمیشن کے نائب چیئرمین جنرل ZHANG YOUXIAسے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے آج راولپنڈی میں اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ جنرل ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔

معزز مہمان نے جنرل سید عاصم منیر سے معاونین کے بغیر ملاقات کی جس کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی۔

بات چیت میں باہمی دلچسپی کے امور،علاقائی سلامتی کی حرکیات، علاقائی استحکام کیلئے اقدامات اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

نائب چیئرمینZHANG YOUXIA نے اس موقع پر کہا کہ چین تذویراتی شراکت داری کے لئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کو سراہتا ہے۔

انہوںنے انسداد دہشتگردی کی جاری کوششوں میں پاک فوج کے عزم اور پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی اور چین کی جانب سے ان دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس سے پہلے جی ایچ کیو آمد پرZHANG YOUXIAنے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور پاکستان کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انہیں شاندار استقبالیہ دیا گیا اور پاک فوج کے ایک چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔