Friday, 18 October 2024, 08:15:29 am
 
بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے سازگار ماحول پیدا کرے، حریت کانفرنس
July 26, 2024

غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ علاقے کی زمینی صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے سازگار ماحول پیدا کرے۔

ایک بیان میںکل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت پر زور دیاکہ وہ پانچ اگست2019 ء کے غیر قانونی اقدامات کو واپس لیتے ہوئے محاصرہ ختم کرے اور تمام کشمیری نظربندوں کو رہا کرے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس نے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت کی طرف سے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے خلاف پانچ اگست کو یوم استحصال کشمیر کے طور پر منائیں۔

ادھربھارتی فوجیوں اور پیرا ملٹری اہلکاروں نے راجوری، پونچھ، کٹھوعہ، سانبہ، ڈوڈہ اور ریاسی اضلاع کے مختلف قصبوں اور دیہات میں محاصروں اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوںکا سلسلہ جاری رکھا ۔ بھارتی فورسز نے ان ا ضلاع سے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 100سے زائد نوجوان گرفتار کیے ۔ ان کارروائیوں کا مقصد خوف وہراس پھیلانا اور مقامی آبادیوں کو جدوجہد آزادی کی حمایت سے باز رکھنا ہے۔

دوسری طرف بھارتی جیلوں میں نظر بند کشمیری سیاسی قیدی شدید گرمی کیوجہ سے مزید مشکلات سے دوچار ہیں۔

نظر بندوں میں بوڑھے اور علیل افراد بھی شامل ہیں جہیں ناقابل برداشت گرمی میں پنکھوں، پینے کے ٹھنڈے پانی اوردیگر سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔