Friday, 18 October 2024, 09:27:02 am
 
عالمی برادری کشمیریوں کی شناخت کے تحفظ کیلئے مداخلت کرے،شبیر شاہ
October 13, 2024

کُل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کی سرزمین اور شناخت کے تحفظ کیلئے مداخلت کرے۔

 نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں شبیر احمد شاہ نے مودی کی زیرقیادت بھارتی حکومت سے لاحق خطرات پر روشنی ڈالی جو کہ مسلم اکثریتی علاقے میں ہندوتوا نظریہ مسلط کرنا چاہتی ہے۔

 انہوں نے مسلم ملازمین کو سرکاری ملازمتوں سے برطرف کرنے، تعلیمی اداروں میں ہندو بھجن گانا اور اسکولوں، کالجوں، سڑکوں اور نشانات کے نام مسلمانوں کے ناموں سے تبدیل کرنے جیسی مثالیں دیں۔

نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے سری نگر میں ایک میڈیا انٹرویو میں کہا کہ حال ہی میں ہونے والے انتخابی نتائج نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے غیر قانونی اقدامات کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انتخابی نتائج بی جے پی کے فیصلوں خصوصاً 5اگست 2019 کو آرٹیکل 370 کی منسوخی کے اقدام پر بھر پور عدم اطمینان کا اظہار ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ ان کی جماعت بی جے پی کے موقف کے باوجود آرٹیکل 370 کی بحالی کیلئے آواز بلند کرے گی۔