Tuesday, 24 November 2026, 06:54:57 pm
 
پاکستان کے پہلے خلا باز بدھ کو خلائی سفر پر روانہ ہوں گے
November 24, 2026

پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی کل چین کے خلائی جہاز شین ژو 24 کے ذریعے خلائی سفر پر روانہ ہوں گے جو ملک کے لیے ایک تاریخی سنگ میل ہوگا۔

یہ خلائی جہاز شمال مغربی چین کے جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ ہو گا۔

محمد ذیشان علی نے چینی خلا بازوں کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے پہلے خلا باز کو خلا میں بھیجنے کا خواب پورا کرنے میں مدد پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے چین میں اپنی تربیت کے تجربات بیان کرتے ہوئے کہا کہ چائنا ایسٹروناٹ سینٹر کی انتظامیہ، عملے اور تربیت کاروں نے انہیں جامع تربیت اور بھرپور معاونت فراہم کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ مشن ایک مضبوط پیغام دیتا ہے کہ دونوں ملک خلا کی پرامن تحقیق اور استعمال کیلئے مل کر کام کر رہے ہیں۔

محمد ذیشان علی نے اعتماد ظاہر کیا کہ پاکستان اور چین کے خلائی تعاون کا اگلا مرحلہ ایک خلا باز اور ایک پرواز سے آگے بڑھ کر چاند، مریخ اور اس سے بھی آگے متعدد مشترکہ مشنز تک پھیل جائے گا۔