Tuesday, 24 November 2026, 06:54:59 pm
 
حکومت کی پوری توجہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر مرکوز ہے: وزیراعظم
November 24, 2026

(File Photo)

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے تمام وزراء کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایک دوسرے کے خلاف سیاسی بیان بازی سے گریز کریں۔

انہوں نے وزراء کے حالیہ بیانات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ وفاقی کابینہ کے اراکین کے درمیان معاملات افہام وتفہیم اور اتفاق کے ذریعے آگے بڑھنے چاہئیں۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ وفاقی وزراء کی ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے منفی تاثر پیدا ہوتا ہے اور تعمیر و ترقی کی سیاست سے توجہ ہٹتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی وزراء اپنے فرائض خوش اسلوبی سے سر انجام دے رہے ہیں اور ان کی توجہ صرف عوامی خدمت و تعمیر ترقی پر ہی مرکوز رہنی چاہئے۔

شہباز شریف نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کے نمائندے بھی ایسی بیان بازی سے گریز کریں اور مثبت بات چیت کو فروغ دیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی مکمل طور پر بند ہونی چاہئے اور یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم سیاسی استحکام یقینی بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

شہبازشریف نے کہا کہ وفاقی حکومت کی تمام تر توجہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر مرکوز ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا معاشی استحکام سے پائیدار معاشی ترقی کی جانب سفر جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر اور سفارتی محاذ پر بھی اللہ تعالی نے متعدد اہم کامیابیوں سے نوازا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ہمیشہ تعمیر و ترقی کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔