Monday, 23 September 2024, 02:32:28 am
 
پاکستان اور چین کا مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
September 22, 2024

پاکستان اور چین نے انسداد دہشت گردی ، سرحد پار تعاون، سمگلنگ کی روک تھام اور انسداد منشیات کی کوششوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیاہے۔اس بات پر اتفاق وزیر داخلہ محسن نقوی کی اسلام آباد میں چین کے سیاسی اور قانونی امور کے وزیر CHEN MINGYUO کے زیرقیادت اعلیٰ سطح کے چینی وفد کیساتھ ملاقات کے دوران کیاگیا۔ملاقات کے دوران گلگت بلتستان یا سنکیانگ میں پولیس اور نیم فوجی دستوں کی مشترکہ مشقیں منعقد کرانے اور سنکیانگ پولیس اکیڈمی میں گلگت بلتستان کے پولیس افسروں کو تربیت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

دونوں وزراء نے دہشت گردی کے خلاف جو ایک عالمی مسئلہ ہے ،جامع اقدامات کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

ملاقات میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ وفاقی سیکرٹری داخلہ کی قیادت میں ایک پاکستانی وفد، باہمی تعاون بڑھانے کے سلسلے میں جلد سنکیانگ کا دورہ کرے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ سنکیانگ صوبہ چین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہمسایہ ہونے کے ساتھ ساتھ سنکیانگ کی ہمارے ساتھ چھ سو کلومیٹر طویل سرحد بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان منشیات، ہتھیاروں اور دیگر تمام اشیاء کی سمگلنگ کی مکمل روک تھام چاہتا ہے۔

چینی وزیر چینگ منگ یو نے پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔