Monday, 23 September 2024, 02:19:44 am
 
وزیراعظم جنرل اسمبلی سے خطاب میں عالمی امن کومستحکم کرنے کی حمایت میں پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کریں گے
September 22, 2024

File Photo

وزیراعظم محمد شہبازشریف کل (پیر) سے جمعے تک نیویارک میں ہونے والے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اناسی ویں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔جمعہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں وزیراعظم عالمی امن ، سلامتی اور خوشحالی کیلئے اقوام متحدہ کے کردار اور اجتماعیت کے حوالے سے غیرمتزلزل حمایت کا اظہار کریں گے۔وہ فلسطین اور جموں وکشمیر کے تنازعے سمیت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود دیرینہ مسائل کے حل کی اہمیت پر زوردیں گے۔وزیراعظم بین الاقوامی اقتصادی تعلقات میں عدم مساوات کے خاتمے اور بین الاقوامی مالیاتی ڈھانچے میں اصلاحات کی اہمیت پر زوردیں گے ۔وہ بین الاقوامی برادری پر زوردیں گے کہ ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور اسلامو فوبیا میں اضافہ روکنے کیلئے فیصلہ کن اقدامات کیے جائیں۔وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر سمندروں میں پانی کی سطح بلند ہونے سے انسانی بقا کو لاحق خطرات سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس اور امن کیلئے قیادت کے موضوع پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں عام مباحثے سمیت اعلیٰ سطح کے کئی اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔وہ پائیدار ترقی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے عالمی سطح پر درکار اقدامات پرتبادلہ خیال کی غرض سے عالمی رہنمائوں سے ملاقات کریںگے ان کے پروگرام میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور جنرل اسمبلی کے صد رسمیت کئی عالمی رہنمائوں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی شامل ہیں۔