Monday, 23 September 2024, 02:25:03 am
 
معاشی بحالی سیاستی استحکام سے منسلک ہے، وزیراعظم
September 22, 2024

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام نے انتشار پر مبنی سیاست مسترد کر کے معاشی پالیسیوں میں بہتری کو ترجیح دی ہے۔

انہوں نے آج (اتوار کو)ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر ایک بیان میں کہا کہ عوام مہنگائی میں کمی، اپنے مسائل کا حل اور معاشی بہتری چاہتے ہیں۔

شہباز شریف نے جلسوں کیلئے لوگوں کو میدانوں میں جمع کرنے پر توجہ دینے کی بجائے اُن کی معاشی حالت بہتر بنانے پر زور دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ معاشی بحالی سیاستی استحکام سے منسلک ہے اور سیاسی انتشار کا مطلب لوگوں کو سہولتوں کی فراہمی میں خلل ڈالنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام کیلئے قومی اتحاد و یکجہتی پاکستان کے روشن معاشی مستقبل اور مہنگائی سے ریلیف کی ضامن ہے۔

شہباز شریف نے قوم، سیاسی جماعتوں ، اداروں اور صوبوں پر زور دیا کہ وہ اقتصادی چیلنجز اور دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے ملکر کام کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت تمام صوبوں کے تعاون سے عوام کے مسائل کے حل، مہنگائی میں کمی اور مساوی ترقی یقینی بنانے کی مکمل حمایت کی پالیسی پر کاربند رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی شرح دس فیصد سے کم ہو گئی ہے اور معاشی اشاریے بہتری کا رجحان ظاہر کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برآمدات اور ترسیلات ِ زر میں اضافہ، روپے میں استحکام اور شرح منافع میں کمی اقتصادی ترقی کی واضح علامات ہیں۔

شہباز شریف نے ہر صوبے اور ادارے پر زور دیا کہ وہ عوامی مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔