Monday, 23 September 2024, 02:26:01 am
 
وزیر اعظم کی سوات، ژوب میں دہشت گرد حملوں کی مذمت
September 22, 2024

 وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع سوات کے علاقے مالم جبہ میں پولیس موبائل پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ 

وزیر اعظم نے حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار کی بلندی درجات کی دعا اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

انہوں نے حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا اور ان کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پولیس فورس کی لازوال قربانیوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں ۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے ژوب میں انسدادِ دہشت گردی فورس کے اہلکار پر فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔

انہوں نے ایک بیان میں شہید اہلکار کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی اور اس کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانیں قربان کیں۔

انہوں نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قوم کے عزم کا اظہار کیا۔

اس سے قبل گزشتہ رات ژوب میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر کو شہید کر دیا تھا۔