Monday, 23 September 2024, 02:31:18 am
 
پاکستان ، چین کا کوئلے کے شعبے میں دوطرفہ تعاون مضبوط بنانے کا عزم
September 22, 2024

 وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے چین کے صوبے شانزی میں کول اور کیمیکل انڈسٹری گروپ کمپنی لمیٹڈ کا دورہ کیا۔ جہاں انہیں کمپنی کے مختلف آپریشنز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان میں کوئلے کے وسیع ذخائر موجود ہیں، اور حکومت اپنے قدرتی ذخائر کا بھرپور اور کارآمد استعمال کرنے کے لیے پر عزم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوئلہ سے کیمیکلز بنانے کی جدید ٹیکنالوجی کے حصول اور مشترکہ منصوبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے شراکت داری کی ضرورت ہے۔

 ملاقات میں تھر کول بورڈ اور سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی، جہاں دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون سے نہ صرف توانائی کے شعبے میں بہتری آئے گی بلکہ اقتصادی ترقی کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔