پاکستان نے سعودی عرب اور بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں کے خلاف حوثی ملیشیا کی مسلسل دھمکیوں کی شدید مذمت کی ہے۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے آج ایک بیان میں کہا کہ ایسے اقدامات خطے کی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں جن سے آزادانہ جہاز رانی اور سمندری نظام کے بین الاقوامی اصولوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا پاکستان اس بات کا اعادہ کرتا ہے کہ پاکستان کے پرچم والے جہازوں یا پاکستان کے سمندری مفادات کے خلاف کسی بھی کارروائی کو پاکستان کی قومی سلامتی اور خودمختاری کیلئے سنگین خطرہ سمجھا جائے گا۔
انہوں نے کہا پاکستان کو اس بات پر بھی گہری تشویش ہے کہ سعودی عرب کو مشرقِ وسطیٰ کے تنازع میں گھسیٹنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور پاکستان برادر ملک سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری، علاقائی سا لمیت اور خوشحالی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔