Saturday, 20 June 2026, 07:04:00 am
 
وزیراعظم کا پیٹرول کی قیمت میں چوہتر روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں سڑسٹھ روپے فی لیٹر کمی کا اعلان
June 19, 2026

فائل فوٹو

وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول کی قیمت میں چوہترروپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں سڑسٹھ روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا ہے۔

آج سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی نئی قیمت دو سو ننانوے روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی نئی قیمت تین سو گیارہ روپے فی لیٹر ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی معاشی صورتحال میں بہتری کے ساتھ تیل کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات فوری طور پر عوام تک پہنچائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی مشکلات سے پوری طرح آگاہ ہے، جنہوں نے اس مشکل صورتحال میں مثالی صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے آزمائش کی اس گھڑی میں حکومت کا ساتھ دینے پر عوام کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس بحران کے آغاز سے ہی حکومت نے اپنے وسائل ایندھن کی قیمتیں ممکنہ حد تک کم کرنے کے لیے استعمال کیے۔

وفاقی حکومت نے ترقیاتی بجٹ اور کفایت شعاری اقدامات کے ذریعے حاصل کیے گئے ایک سو انتیس ارب روپے کو بروئے کار لاتے ہوئے تیل کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتوں میں ملک بھر کے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا ۔

وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو عالمی مہنگائی کی لہر سے بچانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا گیا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معاشی استحکام برقرار رکھنے اور مہنگائی کو مزید کم کرنے کے لیے موثر اقدامات جاری رکھیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔