Monday, 22 June 2026, 01:42:51 pm
 
وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کی جانب سے پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت کو سراہا
June 19, 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج شام مملکتِ سعودی عرب کے ولی عہد و وزیراعظم، شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔

گرمجوشی اور خیرسگالی پر مبنی گفتگو کے دوران وزیراعظم نے شہزادہ محمد بن سلمان کو تاریخی ’’اسلام آباد امن معاہدے‘‘ پر دستخط ہونے پر مبارکباد پیش کی۔

وزیراعظم نے پاکستان کی امن کوششوں کے لیے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی مستقل اور غیر متزلزل حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس بحران کے دوران مملکتِ سعودی عرب کی دانشمندانہ اور مدبرانہ قیادت پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مملکتِ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کی بھرپور حمایت ہی کے باعث ایران اور امریکہ کے درمیان امن معاہدہ چند ہی ماہ کے اندر طے پایا اور اس پر دستخط ممکن ہوئے۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم کو مبارکباد دی اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک کاوشوں کو سراہا، جن کے نتیجے میں امن معاہدے پر کامیابی سے دستخط ممکن ہوئے۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اب ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے اگلے مرحلے کو خوش اسلوبی سے آگے بڑھانا اور باقی ماندہ امور کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنا نہایت اہم ہوگا۔ اس ضمن میں دونوں رہنماؤں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کے خلاف احتیاط برتی جائے۔

پاکستان اور مملکتِ سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی بہترین صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی میں ایک جامع اقتصادی پیکیج کو حتمی شکل دے کر اس پر دستخط کرنے کے لیے تیار ہیں۔ وزیراعظم نے ولی عہد کو اپنی سہولت کے مطابق پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ بھی کیا۔

وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین، شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے اپنے احترام، نیک تمناؤں اور خیرسگالی کے جذبات بھی پہنچائے۔

دونوں رہنماؤں نے آئندہ دنوں میں قریبی رابطے اور باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔