Saturday, 20 June 2026, 07:06:53 am
 
پاکستان سمیت اسلامی ممالک کی مقبوضہ مغربی کنارے میں بڑھتے تشدد کی مذمت
June 19, 2026

پاکستان سمیت آٹھ عرب اور اسلامی ممالک نے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے میں فلسطینیوں کے خلاف یہودی آبادکاروں کے بڑھتے ہوئے تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔

ایک مشترکہ بیان میں پاکستان، مصر، ترکیہ، انڈونیشیا، اردن، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے رام اللہ کے شمال میں واقع گاؤں جیلجیلیہ کی جامع مسجد اور گاؤں مزارعہ النوبانی کی الفاروق مسجد پر حالیہ حملوں کی مذمت کی۔

انہوں نے زور دیا کہ یہ حملے عبادت گاہوں اور مذہبی مقامات کے تقدس، بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

وزرائے خارجہ نے عالمی برادری سے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ وہ اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داریاں پوری کرے اور اسرائیل کو مقبوضہ مغربی کنارے میں خطرناک کشیدگی بڑھانے سے روکے۔انہوں نے اسرائیلی قبضے کے خاتمے اور مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کی بنیاد پر منصفانہ، پائیدار اور جامع امن کے حصول کے لیے تمام کوششوں کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔