Monday, 18 November 2024, 10:37:31 pm
 
وزیراعظم کی متعلقہ حکام کو ٹیکس چوروں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کی ہدایت
November 18, 2024

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے متعلقہ حکام کو ٹیکس چوروں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

آج (پیر کو )اسلام آباد میں ملک کی معاشی صورتحال کے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی صرف اسی صورت میں ہوسکتی ہے جب ہر کوئی اپنی ذمہ داری ادا کرے۔

انہوں نے کہاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے ٹیکس چوروں اور انکے مددگاروں کو معاف نہیں کیا جائیگا اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائیگی۔

 حکومت کی اب تک کی اہم معاشی کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے سٹاک مارکیٹ میں تیزی کے رجحان اور مہنگائی کی شرح 38فیصد سے کم ہوکر سات فیصد پرآنے کا ذکرکیا۔

شہبازشریف نے کہاکہ لوگوں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے عوام کو سہولت کی فراہمی کو دیگر تمام اقدامات پرترجیح دی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ شرح سود 22 فیصد سے کم ہوکر 15 فیصد پرآنے سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا ۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کے گزشتہ چند ماہ کے عرصے کے دوران غیرملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے جبکہ ملکی برآمدات اورترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے کی بدولت غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔

شہبازشریف نے زرعی شعبے میں تاریخی اصلاحات پر پنجاب حکومت کو خراج تحسین پیش کیا۔