بحری امور کے وزیر قیصر احمد شیخ نے بین الاقوامی جہاز ران کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی ہے۔
انہوں نے ہانگ کانگ میں عالمی بحری تجارتی سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بحری شعبے سے متعلق نئی پالیسی متعارف کرائی جائے گی جس میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ٹیکس میں استثنیٰ اور دوسری مراعات دی جائیں گی۔قیصر احمد شیخ نے کہا کہ گوادر پورٹ پر کام تیزی سے جاری ہے اور توقع ہے کہ اُسے جلد فعال کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا وفاقی کابینہ نے ہدایت کی ہے کہ پچاس فیصد تجارت اِس بندرگاہ کے ذریعے ہونی چاہئے۔ اُن کا کہنا تھا کہ یہ بندرگاہ چین، روس، ہانگ کانگ اور دوسرے ملکوں کے ساتھ تجارت کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔