وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے پاکستان کی امریکہ کے ساتھ معیشت، موسمیاتی تبدیلی، سائنس و ٹیکنالوجی، زراعت، تعلیم اور صحت سمیت اہم شعبوں میں شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔آج (پیر) اسلام آباد میں یو ایس ایڈ کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب جبکہ ایک نئی امریکی انتظامیہ قیادت سنبھالنے جا رہی ہے، دونوں ملکوں کے پاس اپنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا کے تقاضوں کو پورا کرنے کا یہ ایک اور منفرد موقع ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی شراکت داروں میں سے ایک ہے اور 2023 میں دوطرفہ تجارت ساڑھے چھ ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی۔انہوں نے کہا کہ تجارتی تعلقات سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ جدت اور اقتصادی استحکام میں بہتری لانے میں بھی مدد ملے گی۔احسن اقبال نے کہا کہ دونوں ملک تجارتی مسائل کے حل اور مشترکہ منصوبوں کی حوصلہ افزائی کے ذریعے مضبوط اور باہمی مفاد پر مبنی اقتصادی شراکت داری قائم کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا دوطرفہ تعلقات میں بہتری آئی ہے تاہم یہ ضروری ہے کہ دونوں ملک ایک دوسرے کی سا لمیت کا احترام کرتے ہوئے مشترکہ مسائل کے حل کیلئے ملکر تعمیری کام کریں۔