کل جماعتی حریت کانفرنس نے جنوبی ایشیاء میں امن و ترقی کے حصول کے لئے تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے ایک بیان میں بھارت پر زور دیا کہ وہ اپنی ہٹ دھرمی اور محاذ آرائی ترک کرکے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے طریقے تلاش کرے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں کے پاس تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے بات چیت کے علاو ہ کوئی متبادل راستہ نہیں ہے۔
ادھر جماعت اسلامی پاکستان کے لئے امور کشمیر کے مشیر عبدالرشید ترابی نے پانچ اگست 2019 ء سے اب تک بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اقدامات پر کڑی تنقید کی ہے۔
عبدالرشید ترابی نے جدہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کشمیر کے خلاف مودی کے ایجنڈے کو بے نقاب کرتے ہوئے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری پر ان خلاف ورزیوں کو روکنے کے لئے مداخلت کرنے پر زور دیا۔