وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے اس کے ساتھ کھڑا ہے۔
وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار سعودی عرب کے نئے سفیر، ڈاکٹر راجح طامی البقمی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جنہوں نے جمعہ کے روز اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں میں حالیہ اضافے کی شدید مذمت کی، جس کے نتیجے میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور پاکستانی شہریوں سمیت متعدد بے گناہ افراد زخمی ہوئے۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ اور مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات میں تاریخی سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں اور یہ علاقائی امن و سلامتی کیلئے ان کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ برسوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے موجودہ ادارہ جاتی طریق کار مزید مستحکم کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔