Friday, 16 October 2026, 05:17:04 pm
 
وزیر خزانہ کا کینیڈین سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے سرمایہ کاری کے تحفظ کے معاہدے پر پیشرفت تیز کرنے پر زور
October 16, 2026

وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر کینیڈا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ برائے بین الاقوامی ترقی، رندیپ سرائے سے ملاقات کی۔

ملاقات میں وزیرِ خزانہ نے پاکستان میں معاشی استحکام کی جانب پیشرفت کو اجاگر کیا اور کینیڈین سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کیلئے سرمایہ کاری کے تحفظ کے معاہدے پر پیشرفت تیز کرنے پر زور دیا۔

دونوں جانب سے زراعت، زرعی ٹیکنالوجی، لائیو اسٹاک اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں مواقع کا جائزہ لیا گیا، جبکہ نجی شعبے کی شمولیت کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

ملاقات میں بیرک کے کان کنی کے منصوبے، اس کے سکیورٹی جائزے، مالیاتی انتظامات اور برآمدات و روزگار میں اضافے کے ممکنہ کردار پر گفتگو ہوئی۔

وزیرِ خزانہ نے آئی ٹی خدمات، مصنوعی ذہانت سے متعلق مہارتوں، ورچوئل اثاثوں اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں سے روابط کے فروغ کے مواقع کو اجاگر کیا، جن میں کینیڈا سے پاکستان ترسیلاتِ زر بھی شامل ہیں۔