عالمی یوم خوراک آج منایا جارہا ہے۔ اس سال دن کا موضوع ہے ''آج جدت اپنائیں، کل کی غذائی ضروریات پوری کریں''۔
دن کا مقصد عالمی سطح پر بھوک، غذائیت اور پائیدار غذائی نظام کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔
یہ دن بھوک کے خاتمے، غذائی تحفظ کو یقینی بنانے اور سب کے لیے صحت بخش اور منصفانہ خوراک کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کرنے کی یاد دہانی کراتا ہے۔
اس موقع پر اپنے پیغامات میں صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان میں غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے، زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے غذائیت سے بھرپور اور ارزاں خوراک تک رسائی یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
انہوں نے '' آج جدت اپنائیں، کل کی غذائی ضروریات پوری کریں'' کے موضوع کے تحت سائنسی تحقیق، تکنیکی جدت اور موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھنے والی زراعت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کسانوں کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا، جن میں موسمیاتی تبدیلی، پانی کی قلت، زمین کی زرخیزی میں کمی اور پیداواری اخراجات میں اضافہ شامل ہیں۔
انہوں نے موسمیاتی تبدیلی سے مطابقت رکھنے والی زراعت کو فروغ دینے، آبپاشی کی کارکردگی بہتر بنانے، فصلوں کی کٹائی کے بعد ہونے والے نقصانات کم کرنے اور کسانوں کی منڈیوں تک رسائی مضبوط بنانے پر زور دیا۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت بہتر بیجوں، مشینوں کے استعمال، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور سائنسی تحقیق کے ذریعے زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر زرعی ترقی میں قومی کونسل برائے زراعت و غذائی تحفظ کے کردار کو بھی اجاگر کیا۔