Tuesday, 13 May 2025, 02:36:48 am
 
آرمی چیف کی معرکہ حق،آپریشن بُنۡيَانٌ مَّرۡصُوۡصٌ کےدوران زخمی ہونیوالوں کی عیادت
May 12, 2025

بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے آج کمبائنڈ ملٹری ہسپتال راولپنڈی کا دورہ کیا اور معرکہ حق و آپریشن  بُنۡيَانٌ مَّرۡصُوۡصٌ  کے دوران زخمی ہونے والے جوانوں اور معصوم شہریوں کی عیادت کی۔

دورے کے دوران انہوں نے زخمی جوانوں سے الگ الگ ملاقات کی اور ان کی بے مثال بہادری اور اپنے فرض سے لگن کی تعریف کی اور پاکستان کی مسلح افواج کی طرف سے ان کی دیکھ بھال ، بحالی اور فلاح کے عزم کا اعادہ کیا۔

بری فوج کے سربراہ نے کہا کہ ہمارے شہری اور جوانوں نے پاکستان کی سلامتی کیلئے جراتمندانہ قربانی دی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ہرسپاہی کیساتھ کھڑی ہے۔

جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ کوئی بھی ناپاک سازش پاکستان کی مسلح افواج کے حوصلے پست نہیں کرسکتی۔