وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی پر ہر سال 10 مئی کو یومِ معرکہ حق منانے کا اعلان کیا ہے۔
آج اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یوم معرکہ حق ہر سال پورے ملک میں جوش و خروش اور جذبہ ملی وحدت سے منایا جائے گا کیونکہ ہماری بہادر افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں نے ہمارے سر فخر سے بلند کر دیئے ہیں۔
وزیراعظم نے آئندہ جمعہ16مئی کو پاکستان کو دفاعی محاذ پر شاندار کامیابی سے ہمکنار کرنے پر افواج پاکستان کو خراج تحسین اور اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کے دن کے طور پر منانے کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔
وزیراعظم نے بلا اشتعال بھارتی جارحیت سے متاثرہ معصوم پاکستانیوں کے لیے پیکیج کا اعلان بھی کیا۔
انہوں نے معرکہ حق میں شہید ہونے والے پاکستانی شہریوں کے ورثا کو ایک کروڑ روپے جبکہ زخمی ہونے والوں کو 10 لاکھ روپے سے 20 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاک افواج کے شہدا کے ورثا کو رینک کے حساب ایک کروڑ روپے سے ایک کروڑ اسی لاکھ روپے رقم دی جائے گی جبکہ زخمیوں کو بیس سے پچا س لاکھ روپے دیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاک افواج کے شہدا کے ورثا کو گھر کی سہولت کے لئے رینک کے حساب سے ایک کروڑ نوے لاکھ سے چار کروڑ بیس لاکھ روپے تک دیے جائیں گے۔