قومی اسمبلی کو آج بتایاگیا کہ گوادر کی بندرگاہ اس وقت مکمل طور پر فعال ہے جس میں کارگو سامان‘ کنٹینرز اور دوسر ے آپریشنز کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔منصوبہ بندی‘ ترقی اور خصوصی اقدامات کی پارلیمانی سیکرٹری وجیہہ قمر نے وقفہ سوالات کے دوران بتایا کہ اس بندرگاہ میں پچاس ہزار ڈیڈ ویٹ ٹن تک کے بحری جہاز لنگر انداز ہوتے ہیں اور وہاں بھاری مقدار میں کارگو اور بڑی تعداد میں کنٹینرز کے لئے درکار بنیادی ڈھانچہ موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان پاکستان تجارتی راہداری معاہدے کے تحت کئی مال بردار بحری جہاز کامیابی سے بندرگاہ پر لنگر انداز ہوئے ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری خزانہ سعد وسیم شیخ نے کہاکہ رواں مالی سال کے بجٹ میں تنخوا ہ دار طبقے کے لئے ذاتی انکم ٹیکس کی شرح میں اضافہ نہیں کیاگیاہے۔ایک سوال پر پارلیمانی سیکرٹری تجارت ذوالفقار علی بھٹی نے امید ظاہر کی کہ رواں مالی سال کے دوران پانچ ارب ڈالر مالیت کے چاول برآمد کئے جاسکتے ہیں۔
کابینہ ڈویژن کے پارلیمانی سیکرٹری ساجد مہدی نے ایک توجہ دلائو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جھوٹی خبروں کے پھیلائو کی روک تھام کے لئے قانون سازی سمیت متعدد اقدامات کرنے پر کام کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایک ٹاسک فورس قائم کی ہے جس کا مقصد سوشل میڈیا پر جھوٹی خبروں کی روک تھام کرناہے۔
ایوان میں سول سرونٹس کا ترمیمی بل2024 ء اور نجکاری کمیٹی کا ترمیمی بل2024 ء بھی پیش کیے گئے۔
ایوان کا اجلاس اب کل دن گیارہ بجے ہوگا۔