File photo
وزیر اطلاعات ونشریات عطا ء اﷲ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف مظاہرین پر فائرنگ کا جھوٹا بیانیہ پیش کررہی ہے ۔
انہوں نے پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹرگوہر کے بیان پرردعمل دیتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی اس سلسلے میں اپنے الزامات کودرست ثابت کرنے کیلئے ایک بھی ثبوت پیش کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی پرتشدد سیاست اور اجتماعی مظاہروں کی عادی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ چھبیس نومبر کو ہتھیاروں سے لیس شر پسندوں نے وفاقی دارالحکومت پر دھاوا بول دیاتھا جس کے نتیجے میں پولیس اور رینجرز اہلکار شہید ہوگئے اور متعدد زخمی بھی ہوئے۔
انہوں نے سوال کیاکہ پرتشدد احتجاجی مظاہروں کے دوران شہید اور زخمی ہونے والی پولیس اوررینجرز اہلکاروں کا ذمہ دار کون ہے ۔
عطاء اﷲ تارڑ نے کہاکہ تمام دستیاب شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس میں نو مئی کے پرتشدد واقعات میں ملوث پی ٹی آئی کی سینئر قیادت ملوث ہے ۔
انہوں نے پی ٹی آئی کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے کارکنوں کو تنہا چھوڑ کر احتجاجی مقام سے فرارکیوں ہوئے۔