قومی اسمبلی کو آج بتایا گیا کہ گوادر پورٹ مال کی تمام رسد و سائل، کنٹینرز اور دوسرے عوامل مکمل طور پر فعال طریقے سے کام کررہے ہیں۔
منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات بارے پارلیمانی سیکرٹری وجیہ قمر نے وقفہ سوالات کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پورٹ بھاری مقدار میں کارگو کیلئے مطلوبہ سہولیات کی حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کے تحت کثیر المقاصد مال کی ترسیل کا عمل کامیاب ہوچکا ہے۔
پارلیمانی سیکرٹری کامرس ذوالفقار علی بھٹی نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیاہے کہ رواں مالی سال کے دوران چاولوں کی درآمدات پانچ ارب ڈالرز کے ہدف کو پورا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ رواں برس جولائی سے اکتوبر تک چاول کی کل برآمدات میں اڑتالیس اعشاریہ آٹھ ایک اضافہ ہوا ہے جو مقدار میں 43.77 فیصد اضافہ ہے۔
کابینہ ڈویژن کے پارلیمانی سیکرٹری ساجد مہدی نے توجہ دلائو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سماجی رابطوں کے پلیٹ فارمز پر جھوٹی خبروں کے پھیلاو پر نظر رکھنے کیلئے قانون سازی سمیت مختلف اقدامات پر کام کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پر جھوٹی خبروں پر پابندی کیلئے ٹاسک فورس قائم کردی ہے۔