Thursday, 07 November 2024, 11:28:32 am
 
آرمی چیف اور سعودی ولی عہد کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور باہمی امور پر تبادلہ خیال
November 07, 2024

بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر جو سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ہیں نے ریاض میں سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔

انہوں نے علاقائی امن، دفاع اور سیکورٹی کے شعبوں میں تعاون اور دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کی حکمت عملی سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر جامع بات چیت کی۔

آرمی چیف نے پاکستان کے لیے مستقل حمایت پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ان کے اہم کردار کو سراہا۔

انہوں نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران فریقین نے دفاع اور سلامتی کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے سعودی معاون وزیردفاع انجینئر طلال عبداللہ العتیبی،سعودی شاہی مسلح افواج کے سربراہ ایئر چیف مارشل فیاض بن حمید بن رقیب الرویلی اور سعودی بری فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فہد بن سعود الجوہانی سے بھی ملاقات کی۔