Monday, 09 December 2024, 10:00:32 pm
 
وزیراعظم کا گلگت بلتستان کو ایک سو میگاواٹ بجلی فوری فراہم کرنے کا اعلان
November 06, 2024

وزیراعظم شہبازشریف نے گلگت بلتستان کو ایک سو میگاواٹ بجلی فوری فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے آج (بدھ کو )گلگت میں گلگت بلتستان کی کابینہ کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بلتستان اور قراقرم یونیورسٹیز کے ہونہار طلباء کیلئے ایک ارب روپے کا انڈومنٹ فنڈ قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔

وزیراعظم نے ضلع Ghizer کے گاؤں Buber میں 2022 کے متاثرین سیلاب کیلئے خصوصی طورپر تعمیر کئے گئے مکانوں کی بروقت تکمیل اور اعلیٰ معیار پر اطمینان ظاہر کیا۔

انہوں نے گلگت بلتستان کی انتظامیہ کو ضلع Ghizer میں تعلیمی اداروں، کھیلوں کے میدان، بجلی اور دیگر سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

شہبازشریف نے کہا کہ گلگت بلتستان میں تعلیم کے شعبے کی ترقی کیلئے دانش سکول متعارف کرائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے تمام شعبوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے حالیہ معاشی استحکام میں وفاقی حکومت سے تمام صوبوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج بانوے ہزار کی تاریخی حد عبور کرگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترسیلات زر اور ٹیکس دہندگان میں اضافہ اور مہنگائی میں کمی معیشت کیلئے مثبت علامات ہیں۔

شہبازشریف نے کہا کہ ان کی حکومت نے گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا کے ضم شدہ اضلاع اور بلوچستان کے لوگوں کی ترقی اور فلاح وبہبود پر مکمل توجہ مرکوز کررکھی ہے۔

انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات بھی کررہی ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ قطری سرمایہ کاروں نے علاقے کے سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی ظاہرکی ہے ۔