وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی وجہ سے ملک پائیدار معاشی استحکام کی راہ پر گامزن ہوگیا ہے۔
انہوں نے آج(بدھ) کراچی میں آٹھویں فیوچر سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حسابات جاریہ کے خسارے اور پالیسی ریٹ میں کمی، ترسیلات زر میں اضافے اور روپے کی قدر میں استحکام سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ قومی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔
محمد اور نگزیب نے کہا کہ حکومت کے اقدامات کی بدولت مہنگائی اڑتیس فیصد سے کم ہوکر دس فیصد سے بھی نیچے آگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی معیشت کے پائیدار استحکام کے لئے مختصر اور درمیانی مدت کی پالیسیاں ترتیب دی جارہی ہیں۔
انہوں نے شفافیت یقینی بنانے، خامیوں پر قابو پانے اور اس حوالے سے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کے لئے سرکاری اداروں میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا۔