وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نوجوانوں کی توانائیوں کو مثبت سمت میں بروئے کار لانے کیلئے کھیلوں کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔
وہ آج(ہفتہ) اسلام آباد میں ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے5 سالہ سفیان محسود سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے جس نے حال ہی میں گنیزورلڈ ریکارڈ قائم کیا تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سفیان محسود نے اتنی کم عمر میں گنیز ورلڈ ریکارڈ بنا کر پاکستان اور اپنے والدین کی عزت افزائی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ باصلاحیت پاکستانی نوجوان ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔
وزیراعظم نے کھیلوں کے میدان میں ملک کا سرفخر سے بلند کرنے پر نوجوانوں کی تعریف کی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے سفیان محسود سے ان کی آبائی زبان پشتو میں بھی گفتگو کی۔
وزیراعظم نے سفیان کے والد عرفان محسود سے بھی بات چیت کی جن کے پاس سو سے زائد گنیز ورلڈ ریکارڈ ہیں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک ٹریننگ اکیڈمی چلاتے ہیں۔
وزیراعظم نے یوتھ پروگرام کو ہدایت کی وہ ڈیرہ اسماعیل خان میں عرفان محسود کی سپورٹس اکیڈمی کیساتھ تعاون کرے۔
انہوں نے یوتھ پروگرام کو ملک بھر میں مختلف کھیلوں کے فروغ کے لئے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔