وزیراطلاعات ونشریات عطا ء اﷲ تارڑ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان رات کی تاریکی میں کی جانے والی بزدلانہ بھارتی جارحیت کا ضرور منہ توڑ جواب دے گا ۔
انہوں نے آج قومی اسمبلی میں ایک تحریک پراظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے مسلح افواج کو اختیار دے دیا ہے کہ وہ اپنی مرضی کے وقت اورجگہ پر دشمن کو جواب دیں۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ بھارت کو اپنی اعلی ٹیکنالوجی رافیل طیاروں پر بڑا فخر تھا لیکن ہماری فضائیہ اس فخر کو خاک میں ملانے پر داد وتحسین کی مستحق ہے ۔
انہوں نے کہاکہ یہ روایتی جنگی سازوسامان میں پاکستان کی برتری کا بھی مظہر ہے ۔
عطاء اﷲ تارڑ نے کہاکہ پاکستان نے کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کو شدید نقصان پہنچایا ہے اوران کے چالیس سے پچاس فوجی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ملکی دفاع مضبو ط اور محفوظ ہاتھوں میں ہے اور مسلح افواج ملک کے دفاع اور تحفظ کیلئے مکمل طورپر تیار اور پرعزم ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا پوری قوم بھارتی جارحیت کا جواب دینے کیلئے پاکستان کی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے۔