پاکستان نے بھارتی میڈیا کے ان حالیہ دعوؤں کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کردیا ہے جن میں پٹھان کوٹ' جیسلمیر اور سرینگر پر حملوں کا پاکستان پر الزام عائد کیا گیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ یہ دعوے قطعاً بے بنیاد' من گھڑت اور سیاسی مقاصد پر مبنی ہیں اور اس بھارتی پروپیگنڈے کا حصہ ہیں جن کا مقصد پاکستان کے تشخص کو نقصان پہنچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹھوس شواہد اور معتبر تحقیقات کے بغیر پاکستان کے خلاف لگائے گئے الزامات سوچے سمجھے بھارتی منصوبے کا حصہ ہیں جسے وہ اپنی بلااشتعال جارحیت کا جواز بنا کر خطے کی صورتحال کو مزید غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے۔
ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس خطرناک طرز عمل کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ ضبط و تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرے کیونکہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سا لمیت کے تحفظ کیلئے کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان امن کیلئے پرعزم ہے تاہم کسی بھی بھارتی اشتعال انگیزی اور جارحیت کی صورت میں وہ اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔