امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان نے صبر وتحمل کا مظاہر ہ کرتے ہوئے اپنے دفاع کا حق استعمال کیا،ثبوت کے بغیر بھارتی الزام تراشی انتہائی مضحکہ خیز ہے ۔
سی این این کے معروف اینکر جیک ٹیپر کو دیئے گئے انٹرویو میں پاکستان کے سفیر نے کہا کہ پاکستان کی بھارتی الزامات اور جارحیت کے جواب میں پاکستانی نکتہ نظر اور قوم کے جذبات کی بھرپور اور دوٹوک نمائندگی ہے ۔پہلگام واقعے کے بعد بغیر کسی ثبوت جارحیت کا مظاہرہ قابلِ مذمت ہے۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ کیا دنیا ایک ایسی مثال قائم کرنا چاہتی ہے کہ بغیر کسی ثبوت ایک خودمختار ملک کے خلاف کھلی جارحیت کا مظاہرہ کیا جائے۔ عالمی امن کے تناظر میں ایسی مثالیں قائم کرنا خطرناک ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین راتوں سے بھارت کی جانب سے اشتعال انگیزی اور جارحیت کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے، پاکستان نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے حق دفاع کا استعمال کیا۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف انکوائری کا مطالبہ کرتا ہے، ہم کشیدگی نہیں چاہتے تاہم اشتعال انگیزی اور جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے معصوم شہریوں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا گیا ہے پاکستان کرکٹ سٹیڈیم میں کون سا دہشت گردی کا مرکز کام کر رہا تھا۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے خطے میں جو کچھ کیا جاتا رہا ہے اس سے تسلط پسندانہ رویے کی عکاسی ہوتی ہے۔