وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ملکی معیشت میں بہتری اور حکومت کی کامیاب پالیسیوں کی بدولت مہنگائی میں کمی آئی ہے۔
انہوں نے سیالکوٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلندترین سطح پر پہنچ چکی ہے اور ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں واضح اضافہ ہوا ہے۔
تحریک انصاف کے حالیہ احتجاج کے حوالے سے وزیردفاع نے کہا کہ پی ٹی آئی کے حامی پاکستان کی ترقی ہضم نہیں کر پارہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی لاشوں کے حوالے سے غلط پراپیگنڈا پھیلارہی ہے جبکہ ابھی تک جنازے کی کوئی ویڈیو سامنے نہیں آئی۔
خواجہ محمدآصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کے لئے خیبرپختونخواکے وسائل کواستعمال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواحکومت اپنے صوبے میں امن وامان قائم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔