وزیراعظم شہباز شریف نے ایف ایٹ سیکٹر اسلام آباد میں ٹریفک کیلئے نئے تعمیر کیے گئے جناح ایونیو انڈرپاس کا افتتاح کر دیا ہے جو صرف بیالیس روز کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیاگیا۔
آج (منگل کو)اسلام آباد میںانڈر پاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے انڈر پاس کی تعمیر کا کام تیزی سے مکمل کرنے پر وزیر داخلہ محسن نقوی' سی ڈی اے کے چیئرمین اور دیگر کی تعریف کی۔
انہوں نے کہاکہ فلائی اوور کی تعمیر کاکام مکمل ہونے کے بعد جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم نے اس امید کا بھی اظہارکیاکہ سرینا چوک منصوبہ بھی اسی جذبے اور تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے تمام منصوبے تیزی سے مکمل کرنے کے عزم اورلگن کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ اگلے سال مارچ تک ایک نرسری افتتاح کے لئے تیارہوگی جہاں اسلام آباد کے رہائشیوں کو معیاری پودے مناسب قیمت پر فراہم کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ حکومت وفاقی دارالحکومت میں فائیو سٹار ہوٹلز کی تعمیر پر بھی کام کررہی ہے۔