آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت راولپنڈی میں منعقدہ تریاسی ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ قوم کے تعاون سے ملک کی سلامتی اور استحکام کو لاحق تمام خطرات کا خاتمہ کیا جائے گا۔
فورم نے کہا کہ ناپاک قوتوں کے مذموم عزائم کو مکمل طور شکست دی جائے گی جو سیاسی طور پر متحرک ڈیجیٹل دہشت گردی کے ذریعے قومی اداروں بالخصوص مسلح افواج اور پاکستانی عوام کے درمیان تفرقہ ڈالنے کی کوششیں کررہی ہیں۔
فارمیشن کمانڈرز کانفرنس نے نوٹ کیا کہ ملک کی اجتماعی بھلائی کیلئے نو مئی کے منصوبہ سازوں ، مجرموں، مدد کرنے والوں اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت ہے۔
فورم نے افغانستان سے سرحدی خلاف ورزیوں پرتحفظات کا اظہار کیا اور دہشت گردی کیخلاف جنگ میں نئے ضم ہونے والے قبائلی اضلاع کے عوام کی بیش قیمت قربانیوں کو سراہا۔
فارمیشن کمانڈرز کانفرنس نے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور بھارت میں اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کے ساتھ روا رکھے جانیوالے سلوک پر تحفظات کا اظہار کیا۔
فورم نے فلسطین کے عوام کیساتھ بھی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور غزہ میں ہونے والے جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے فارمیشنز کے بلند حوصلے اور ہمہ وقت آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی۔