Sunday, 22 December 2024, 03:36:13 pm
 
پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز کی یورپ کیلئے پروازوں کا آغاز خوش آئند ہے،عبدالعلیم خان
December 22, 2024

نجکاری کے وزیرعبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز کی یورپ کیلئے پروازوں کا آغاز خوش آئند ہے۔

وفاقی وزیر نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پروازوں کا آپریشن پی آئی اے کی نجکاری کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پی آئی اے کی برطانیہ اور امریکہ کیلئے بھی پروازیں دوبارہ شروع ہوں گی جس سے قومی ائرلائن کی ساکھ بہتر ہوگی۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں حائل کئی رکاوٹیں دور کرلی گئی ہیں جبکہ باقی کام اور حل طلب امور بھی جلد مکمل کرلئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے بھی خریداری کیلئے دو اہم امور پر اتفاق کرلیا ہے۔جن کے تحت نئے طیاروں کی خریداری پر اٹھارہ فیصد سیلز ٹیکس ختم کردیا جائے گا جبکہ پی آئی اے کے نقصانات بھی ہولڈنگ کمپنی کو

منتقل کردئیے جائیں گے۔

علیم خان نے مزید کہا کہ نئی شرائط کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز کے تمام واجبات اور پرانے قرضے ختم کردئیے جائیں گے اور ادارے کی کسی بھی مالی ذمہ داری کے بغیر نجکاری کی جائے گی۔