Sunday, 22 December 2024, 06:47:40 am
 
عوام کو سستے داموں چینی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، وزیراعظم
December 21, 2024

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی کارکردگی بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وہ آج(ہفتہ) لاہور میں محاصل اکٹھے کرنے میں بہتری لانے سے متعلق اقدامات کے بارے میں جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم کو چینی کی صنعت کی ویڈیو کے ذریعے نگرانی کے لئے آلات کی تنصیب کے بارے میں بتایا گیا۔

وزیراعظم نے چینی کی صنعت میں نگرانی کے لئے ویڈیو آلات کے استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے محاصل کی وصولی، ذخیرہ اندوزی کے خاتمے اور قیمتیں مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے محاصل اکٹھے کرنے کیلئے وضع کی گئی حکمت عملی پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے عوام کو مناسب نرخوں پر چینی کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے حکومت کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کیلئے کیے گئے اقدامات سے قومی خزانے کو اربوں روپے کی بچت ہوگی۔۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر کی ویلیو چین کو جلد از جلد مکمل طور پرڈیجیٹائزیشن کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس نادہندگان کو ٹیکس کے دائرے میں لایا جائے گا اورخبردار کیا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے سیمنٹ اور تمباکو کی صنعتوں کی ویڈیو نگرانی کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔