Friday, 09 May 2025, 12:18:00 pm
 
بھارت کی کسی بھی فوجی مہم جوئی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا،وزیراطلاعات
April 30, 2025

وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس مستند اطلاعات ہیں کہ بھارت پہلگام واقعے میں ملوث ہونے کے بے بنیاد الزامات کے بہانے پاکستان کیخلاف فوجی کارروائی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

انہوں نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ پاکستان نے خطے میں جج، جیوری اور جلاد کے بھارتی خود ساختہ متعصبانہ کردار کو واضح طور پر مسترد کرتا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار رہا ہے اور وہ اس سے ہونے والے نقصانات کو بخوبی سمجھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دنیا بھر میں کہیں بھی ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کی ہے۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ایک ذمہ دار ملک ہونے کی حیثیت سے پاکستان نے حقائق کا پتہ لگانے کیلئے ماہرین کے ایک غیر جانبدار کمیشن کے ذریعے مستند، شفاف اور آزادانہ تحقیقات کی کھلے دل سے پیشکش کی۔

انہوں نے کہا کہ مستند تحقیقات سے چشم پوشی ہی بھارت کے اصل مقاصد کو بے نقاب کرنے کا واضح ثبوت ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو اس حقیقت سے آگاہ رہنا چاہیے کہ بڑھتی ہوئی کشیدگی اوراس کے نتائج کی ذمہ داری پوری طرح بھارت پر عائد ہوگی۔