پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے باہمی تعاون کو فروغ دینے اور امن استحکام و پائیدار ترقی کے مشترکہ مقاصدکے حصول کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
اس عزم کا اظہار نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اسحاق ڈار نے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم کو بھارت کے بے بنیاد الزامات، اشتعال انگیز بیانات اور یکطرفہ اقدامات کے ردعمل میں قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کے بارے میں بتایا۔
متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم نے علاقائی استحکام برقرار رکھنے، مذاکرات کو فروغ دینے ، صبرو تحمل سے کام لینے اور تنازعات کے پر امن تصفیے کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال کی روشنی میں قریبی رابطہ برقرار رکھنے اورمشاورت کی ضرورت پرزو ر دیا۔