Friday, 09 May 2025, 12:33:28 pm
 
پاک فوج نے ایک ہی روز میں بھارتی فوج کے دو کواڈ کاپٹر مار گرائے
April 29, 2025

لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے ایک بار پھر اشتعال انگیزی کی گئی جس کا پاک فوج نے بھرپور اور مؤثر جواب دیتے ہوئے ایک ہی دن میں دو بھارتی کواڈ کاپٹرز مار گرائے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق ایک کواڈ کاپٹر ستوال سیکٹر میں جبکہ دوسرا مناور سیکٹر بھمبر میں گرایا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ گرائے گئے کواڈ کاپٹرز میں سے ایک معروف جاسوسی ماڈل Phantom-4 تھا جو پاکستانی حدود میں خفیہ سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ مار گرایا جانے والا دوسرا کواڈ کاپٹر بھارتی 5 آسام رجمنٹ کی ملکیت تھا۔

دفاعی ماہرین کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے اس قسم کی غیر ذمہ دارانہ کارروائیاں خطے میں کشیدگی بڑھانے اور امن کو سبوتاژ کرنے کی دانستہ کوشش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی بروقت اور مؤثر کارروائی اس کی پیشہ ورانہ مہارت اور ہمہ وقت چوکسی کا ثبوت ہے۔

واضح رہے کہ پہلگام جیسے ماضی کے فالس فلیگ آپریشنز کی روشنی میں حالیہ بھارتی اقدامات پر شکوک و شبہات کا اظہار بھی کیا جا رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، ان کارروائیوں کا مقصد عالمی برادری کی توجہ حقیقی مسائل سے ہٹانا ہو سکتا ہے۔

پاک فوج کا پیغام واضح ہے کہ جارحیت کا ہر وار مؤثر انداز میں روکا جائے گا۔