وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ Digital Foreign Direct Inestment Forumمیں سترکروڑ ڈالر مالیت کے کئے گئے وعدوں سے پاکستانی نوجوانوں کی حقیقی صلاحیت بروئے کار لانے میں مدد ملے گی۔
اسلام آباد میں دوروزہ ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انوسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک سرکردہ قوت بن کر ابھرے گا۔
وزیراعظم نے غیرملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور یقین دلایا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں اقوام عالم میں ایک مقام بنانے کی غرض سے انہیں مکمل سہولت دی جائے گی۔
پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیت اور اہلیت کی تعریف کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں شاندار مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باصلاحیت نوجوان پاکستان اور بیرون ملک بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ مارچ کے مہینے میں ترسیلات زر کی مجموعی رقم چار ارب دس کروڑ ڈالر تک جاپہنچی جو پاکستان کی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کو فروغ دینے کے لئے ایک بڑے پروگرام کا منصوبہ تیار کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ حکومتHuwaei کے ساتھ مل کر ایک پروگرام شروع کر رہی ہے جس کے تحت پاکستان میں سالانہ دو لاکھ نوجوانوں کوہنر سکھائے جائیں گے۔
سیکرٹری جنرل ڈیجیٹل کواپریشن آرگنائزیشنDeemah Alyahyaنے کہاکہ یہ فورم اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان عالمی ڈیجیٹل معیشت میں کلیدی کردار ادا کرنے کو تیارہے۔
انہوں نے کہاکہ اس فورم میں ایک ہزار سرمایہ کاروں ، جدت کے ماہرین اور پالیسی سازوں کی موجودگی 'ڈیجیٹل شعبے میں پاکستان کی ابھرتی ہوئی قائدانہ حیثیت کا واضح ثبوت ہے۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزیر شزہ فاطمہ خواجہ نے اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے آئی ٹی اور ڈیجیٹل نظام کے فروغ کے لئے ہونے والے اقدامات کی تفصیل بیان کی اور کہا کہ پاکستان مصنوعی ذہانت کی قومی پالیسی وضع کر رہا ہے۔