Tuesday, 29 September 2026, 03:37:32 am
 
صدر، وزیراعظم کا معلومات تک رسائی کے حق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ
September 28, 2026

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شہریوں کو درست اور مستند معلومات کی فراہمی اور معلومات تک رسائی کے حق کے تحفظ کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔

آج منائے جانیوالے معلومات تک رسائی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ معلومات تک رسائی بنیادی حق ہے جو شفاف، جوابدہ اور باخبر معاشرے کی بنیاد ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، مصنوعی ذہانت اور دیگر ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کی تیز رفتار ترقی نے معلومات کی تیاری، ترسیل اور استعمال کے طریقہ کار کو تبدیل کر دیا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ شہریوں کو قابل اعتماد ذرائع سے مستند معلومات حاصل کرنے کے قابل ہونا چاہیے، خصوصاً ان معاملات میں جو براہ راست ان کی زندگیوں کو متاثر کرتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت جدید ٹیکنالوجیز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے استفادہ کرتے ہوئے سرکاری اداروں اور شہریوں کے درمیان موثر رابطے کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری دفاتر اور اداروں کے ریکارڈ کو ڈیجیٹل بنانے کا عمل جاری ہے تاکہ اسے محفوظ رکھا جا سکے اور عوام کی معلومات تک رسائی کو یقینی بنایا جا سکے۔