Tuesday, 29 September 2026, 03:37:20 am
 
امریکہ کی علاقائی امن کے لیے پاکستان کی خدمات کی تعریف
September 28, 2026

امریکہ افغانستان جنگی کمیشن کے شریک چیئرز شمیلا این چوہدری اور ڈاکٹر کولن ایف جیکسن کی قیادت میں ایک وفد نے آج راولپنڈی میں آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

یہ وفد افغانستان میں امریکہ کی بیس سال تک موجودگی کا جائزہ لے رہا ہے۔

ملاقات کے دوران پاکستان کی معاونت، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور افغانستان کی پیش رفت سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں کمیشن کے کام سے متعلق نقطہ نظر پر توجہ دی گئی۔

فیلڈ مارشل نے تنازعے کا باعث بننے والی سکیورٹی صورتحال کے بارے میں پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا اور افغانستان میں طویل تنازع کے دوران پاکستان کو درپیش چیلنجز کو اجاگر کیا۔

انہوں نے تنازع کے سٹرٹیجک، سفارتی اور عملی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے علاقائی تناظر اور پاکستان کے تجربے کو شامل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

وفد نے افغانستان میں تنازع کے دوران پاکستان کے طویل کردار اور قربانیوں کا اعتراف کیا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل خدمات کو سراہا۔